
مورخہ: 30 اکتوبر 2025
دفتر ڈپٹی کمشنر سکردو
جشنِ آزادی گلگت بلتستان 2025 کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی
ڈپٹی کمشنر سکردو حمزہ مراد کی زیر صدارت یکم نومبر جشنِ آزادی گلگت بلتستان کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ایس پی سکردو سمیت تمام متعلقہ محکموں کے آفیسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں جشنِ آزادی کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور پروگرام کو حتمی شکل دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر سکردو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکم نومبر کی صبح ڈویژنل ایڈمنسٹریشن کمپلیکس سکردو سے ایک شاندار ریلی نکالی جائے گی جو یادگارِ شہداء سکردو تک جائے گی، جہاں پرچم کشائی اور پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب منعقد ہوگی۔ بعد ازاں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مختلف سکولوں کے طلباء ملی نغمے، تقاریر اور معرکہ تھورگو کے حوالے سے خاکہ پیش کریں گے۔
جشنِ آزادی گلگت بلتستان
اسی روز شہداء کے قبرستان میں خصوصی دعا اور پھولوں کے گلدستے رکھے جائیں گے۔ ضلع بھر کے مختلف سکولوں اور کالجوں میں بھی جشنِ آزادی کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ بوائز ڈگری کالج سکردو میں گلگت بلتستان سطح پر حسنِ قرأت اور تقریری مقابلے منعقد ہوں گے۔
مزید برآں مقپون پولو گراؤنڈ سکردو میں نیزہ بازی اور پولو فائنل میچ ہوگا جبکہ میونسپل سٹیڈیم سکردو میں ہاکی کے مقابلے ہوں گے۔
جشنِ آزادی گلگت بلتستان
علاوہ ازیں، بزمِ علم و فن سکردو اور فکر سوشل فورم سکردو کے زیرِ اہتمام مشاعرے کا اہتمام کیا جائے گا۔
یکم نومبر کی شام کو چھومک پل سکردو پر شاندار آتش بازی اور ہوا میں فانوس اُڑانے کا دلکش مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر سکردو نے تمام محکموں کو ہدایات دی کہ جشنِ آزادی کی تقریبات کو شایانِ شان انداز میں منانے کے لیے تمام تر انتظامات کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ عوام بھرپور جذبے کے ساتھ آزادی کی خوشی منا سکیں۔




