

پاکستان میں جدید خودکار سیلف بورڈنگ مشینیں نصب کر دی گئی ہیں، جن کی مدد سے مسافر ایئرپورٹ کے ٹرمینل میں
داخل ہوتے ہی چند سیکنڈ میں اپنا بورڈنگ کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔ اس نئے نظام سے طویل قطاروں سے نجات ملے گی اور روانگی کا عمل پہلے سے کہیں زیادہ تیز ہو جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اب امیگریشن کے لیے ایک نئی ای-ایپلیکیشن استعمال کرے گی جو انٹیگریٹڈ بارڈر مینیجمنٹ سسٹم (IBMS) سے منسلک ہے۔ بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو اس ایپ میں اپنی مکمل پروفائل معلومات درج کرنا ہوں گی، جن میں ویزہ تفصیلات، ملازمت کا اسٹیٹس اور سفر کا مقصد شامل ہوگا۔
ملکی و غیر ملکی تمام ایئرلائنز اس سسٹم سے منسلک ہوں گی۔ جب مسافر اپنی تمام ضروری دستاویزات اور معلومات اپ لوڈ کر دے گا، تو وہ براہِ راست ڈیپارچر لاؤنج جا کر مشین سے بورڈنگ کارڈ لے سکے گا اور چند منٹ میں امیگریشن کا عمل مکمل ہو جائے گا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایپلیکیشن میں مضبوط سیکیورٹی فیچرز شامل ہیں، جو ہر مسافر سے ضروری کاغذات اور تصدیقی سوالات کا جواب طلب کرتی ہے، اس کے بعد ہی منظوری دی جاتی ہے۔
ابتدائی مرحلے میں یہ سیلف بورڈنگ مشینیں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ (لاہور)، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر نصب کی گئی ہیں۔



