
معاون خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ کی زیر صدارت صوبائی اسٹیئرنگ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں محکمہ اطلاعات کے جاری منصوبوں، میڈیا پالیسی،سرکاری اشتہارات کی تقسیم اور عوامی آگاہی مہمات کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
معاون خصوصی ایمان شاہ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت گلگت بلتستان شفاف، ذمہ دار اور عوام دوست اطلاعاتی نظام کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میڈیا ریاست اور عوام کے درمیان ایک موثر پل کا کردار ادا کرتا ہے، لہٰذا اطلاعاتی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے محکمہ اطلاعات کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت تشہیر یقینی بنانے سمیت تمام سرکاری محکموں میں شفافیت اور معیار کو اولین ترجیح دیں۔ ایمان شاہ نے کہا کہ حکومت علاقائی میڈیا کے فروغ اور صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے بھی جامع پالیسی مرتب کر رہی ہے۔
اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات دلدار احمد ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد سلیم خان، میڈیا ونگ کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔




