

پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے کے تمام گرلز کالجز میں مفت وائی فائی سروس باقاعدہ طور پر فعال کر دی ہے۔ اس سہولت کا مقصد طالبات کو جدید تعلیمی وسائل تک آسان رسائی فراہم کرنا اور ڈیجیٹل لرننگ کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
اس منصوبے پر عملدرآمد پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PSCA) نے کیا ہے، جس نے کالجز میں تیز رفتار ہاٹ اسپاٹس نصب کیے ہیں۔ نئی سروس کی بدولت طالبات آن لائن ریسرچ، ای لائبریریز، لیکچرز اور دیگر تعلیمی مواد تک بغیر کسی رکاوٹ پہنچ سکیں گی۔
ڈیجیٹل ایجوکیشن کی جانب اہم پیش رفت
حکام کے مطابق یہ اقدام پنجاب میں جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم کے فروغ کے لیے ایک بڑا سنگِ میل ہے۔ فری وائی فائی نہ صرف روزمرہ تعلیمی سرگرمیوں میں معاون ثابت ہوگا بلکہ طالبات کی ڈیجیٹل مہارتوں میں بھی اضافہ کرے گا۔
طالبات اور اساتذہ کا خیرمقدم
گرلز کالجز کی طالبات اور اساتذہ نے اس فیصلے کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔ طالبات کا کہنا ہے کہ مفت وائی فائی سے اسائنمنٹس، آن لائن کلاسز اور تحقیقاتی کام کہیں زیادہ آسان ہو جائے گا۔
متعدد طالبات نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور سیف سٹیز اتھارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام حکومت کی خواتین کی تعلیم کے لیے سنجیدہ کوششوں کا واضح اظہار ہے۔
مزید پروگرامز دیکھنے اور تازہ ترین خبریں پڑھنے کیلئے ہمارا یوٹیوب چینل سبسکرائب کریں: https://www.youtube.com/@PrimeTelevisionNetwork



