ذہنی صحت
گلگت بلتستان میں ذہنی صحت اور خودکشی کی روک تھام کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کا 15واں اجلاس منعقد
گلگت– چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا کی صدارت میں ذہنی صحت اور خودکشی کی روک تھام کی حکمت عملی پر جی بی اسٹیئرنگ کمیٹی کا پندرہواں اجلاس چیف سیکرٹری کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کی ٹیم نے ورچوئل طور پر جبکہ یونیورسٹی آف لاہور کی ٹیم ذاتی طور پر شریک ہوئیں۔ تمام متعلقہ محکموں کے سیکرٹریوں نے شرکت کی اور پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے آغا خان ہیلتھ سروسز پاکستان (اے کے ایچ ایس پی) کے زمہ داران نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر طے پایا کہ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جی بی کی تیار کردہ منصوبہ بندی پر مذکورہ جامعات کے اشتراک سے اسکولوں میں کام کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر منصوبے کو منتخب اضلاع میں پائلٹ پراجیکٹ کی حیثیت سے عملدرآمد کیا جائے گا اور بعد کے مراحل میں باقی اضلاع تک وسعت دی جائے گی۔ مزید برآں، اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے منصوبے میں ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جی بی کے کالجوں کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
چیف سیکرٹری نے جی بی حکومت کے تمام متعلقہ محکموں اور پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم آج کی نسلوں کو مستقبل میں زیادہ محفوظ اور صحت مند معاشرے کے لیے تیار کریں اور مشترکہ اقدامات و وسائل کے اشتراک سے مثبت سرگرمیوں کے ذریعے مدد فراہم کریں۔
گلگت بلتستان میں ذہنی صحت اور خودکشی کی روک تھام کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کا 15واں اجلاس منعقد




