فرانسیسی

فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے عالمی غیر یقینی صورتحال کے پیشِ نظر اپنے ملک کے جوہری ہتھیاروں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ کئی دہائیوں بعد پہلا موقع ہوگا جب فرانس اپنے جوہری ذخیرے میں اضافہ کرے گا۔
فرانسیسی صدر نے شمال مغربی فرانس میں واقع اُس فوجی اڈے پر خطاب کرتے ہوئے، جہاں ملک کی بیلسٹک میزائل آبدوزیں تعینات ہیں، کہا کہ انہوں نے موجودہ سطح سے کم از کم 300 وارہیڈز کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ کتنے نئے وارہیڈز شامل کیے جائیں گے۔
صدر میکرون کے مطابق یہ فیصلہ یورپ کی سیکیورٹی صورتحال اور بڑھتے ہوئے عالمی خطرات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے یورپی اتحادیوں کو ملنے والی سیکیورٹی ضمانتوں سے متعلق غیر یقینی حالات کے باعث فرانس اپنے جوہری دفاعی کردار کو مزید واضح اور مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ فرانس اپنے جوہری ہتھیار لے جانے والے طیاروں کو عارضی طور پر اتحادی ممالک میں تعینات کرنے کی اجازت دے گا۔ اس کے علاوہ فرانس، جرمنی اور برطانیہ کے ساتھ مل کر طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل منصوبوں پر بھی کام کرے گا، تاکہ مشترکہ دفاعی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدام یورپ میں دفاعی تعاون کو نئی جہت دے سکتا ہے اور بدلتی عالمی صورتحال میں طاقت کے توازن پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔
مزید تازہ ترین نیوز کو دیکھنے کیلئے اس لنک پر کلک کریں



