
مارک زکربرگ کی یو ایف سی فائٹر کے ساتھ سخت اسپارنگ سیشن کی ویڈیو وائرل
میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ اس ہفتے سوشل میڈیا پر اس وقت خبروں کی زینت بن گئے جب یو ایف سی کے معروف بینٹم ویٹ فائٹر میرب دوالیشویلی کے ساتھ ان کے اسپارنگ سیشن کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو گئی۔
یہ ویڈیو، جو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی گئی، میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مارک زکربرگ سابق یو ایف سی چیلنجر کی نگرانی میں تین راؤنڈز پر مشتمل اسپارنگ سیشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ فوٹیج اب بھی ٹرینڈ کر رہی ہے اور شائقین، فائٹرز اور ٹیکنالوجی کے ماہرین کی جانب سے مختلف ردِعمل سامنے آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
سابق ہیوی ویٹ چیمپئن انتھونی جوشوا نے یوٹیوبر جیک پال کو شرمندہ کر دیا
میرب دوالیشویلی، جو “دی مشین” کے نام سے مشہور ہیں، یو ایف سی بینٹم ویٹ ڈویژن میں اپنی مسلسل ریسلنگ اسٹائل اور ریکارڈ توڑ ٹیک ڈاؤنز کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔
دوالیشویلی نے ٹریننگ سیشن کی تقریباً چھ منٹ کی فوٹیج جاری کی۔ اگرچہ وہ واضح طور پر اپنی طاقت کو کنٹرول میں رکھے ہوئے تھے، تاہم تبادلۂ ضربات حقیقی محسوس ہوتا تھا۔ مارک زکربرگ پورے سیشن کے دوران متحرک نظر آئے اور انہیں حملے کرنے اور ٹیک ڈاؤنز سے دفاع کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اگرچہ یہ سیشن حفاظتی اقدامات کے ساتھ ایک کنٹرولڈ اسپارنگ مشق تھی، لیکن ویڈیو زکربرگ کی مارشل آرٹس میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور سنجیدگی کو اجاگر کرتی ہے۔
ٹیکنالوجی کی دنیا اور کھیل کے میدان کے اس غیر معمولی امتزاج نے دنیا بھر میں توجہ حاصل کی اور سوشل میڈیا پر زبردست بحث چھیڑ دی۔
یہ بھی پڑھیں:
پاکستانی ہاکی کھلاڑیوں کو یومیہ الاؤنس نہ ملنے پر مبینہ طور پر قرض لینا پڑ رہا ہے
شائقین اور مبصرین نے دوالیشویلی کے پیشہ ورانہ رویے کی تعریف کی، جبکہ کئی افراد نے زکربرگ کی اس قدر سخت جسمانی ٹریننگ کو اپنی کارپوریٹ ذمہ داریوں کے ساتھ جاری رکھنے پر حیرت کا اظہار کیا۔
چند ماہ قبل بھی زکربرگ اس وقت سوشل میڈیا پر مذاق کا نشانہ بنے تھے جب انہوں نے موجودہ یو ایف سی لائٹ ہیوی ویٹ چیمپئن الیکس پریرا کے ساتھ اسپارنگ کی تھی۔ وہ سیشن واضح طور پر ہلکے پھلکے انداز میں تھا، اور بہت سے لوگوں نے نشاندہی کی کہ اگر پریرا چاہتے تو وہ بآسانی زکربرگ کو زیر کر سکتے تھے۔



