
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے نادرا کے تعاون سے پاسپورٹ درخواست دہندگان کے لیے نیا فنگر پرنٹ ویریفیکیشن سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔
اس نظام کے تحت درخواست دہندگان اب نادرا کی Pak-ID موبائل ایپ کے ذریعے کسی بھی وقت اور کسی بھی مقام سے اپنے فنگر پرنٹس کی تصدیق کر سکیں گے۔ اگر کوئی صارف فنگر پرنٹ تصدیق میں دشواری محسوس کرے تو ایپ متبادل کے طور پر چہرے کی شناخت (Facial Recognition) کا آپشن بھی فراہم کرتی ہے۔
آن لائن درخواست کا نیا طریقہ کار
پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے کے خواہش مند افراد کو سب سے پہلے آن لائن پاسپورٹ ویب پورٹل پر جانا ہوگا۔ جب وہ بائیومیٹرک مرحلے یعنی فنگر پرنٹ کے حصے تک پہنچیں گے، تو انہیں Pak-ID موبائل ایپ میں لاگ اِن کرنا ہوگا۔
ایپ کے بائیومیٹرک تصدیقی حصے میں جا کر صارفین کو:
- “Online Passport” کا آپشن منتخب کرنا ہے،
- اپنا پاسپورٹ ٹریکنگ آئی ڈی اور شناختی کارڈ نمبر درج کرنا ہے۔
اس کے بعد ایپ انہیں باری باری فنگر پرنٹ تصدیق اور چہرے کی شناخت کے مراحل سے گزارے گی۔
بائیومیٹرک تصدیق کے بعد کیا ہوگا؟
تمام مراحل مکمل ہونے پر نظام صارف کو کامیابی کا پیغام جاری کرتا ہے اور اسے دوبارہ ویب پورٹل پر جانے کی ہدایت دیتا ہے۔ وہاں درخواست دہندہ اپنی باقی معلومات مکمل کر کے آن لائن پاسپورٹ درخواست جمع کرا سکتا ہے



