
پاکستان پیپلز پارٹی نے شگر کے علاقے وزیر پور میں بھرپور پاور شو کا مظاہرہ کیا، جس میں پارٹی کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شمولیتی پروگرام جلسے کی شکل اختیار کر گیا اور پورا میدان پارٹی کے رنگ میں رنگا نظر آیا۔تقریب میں صوبائی صدر امجد ایڈوکیٹ، وزیر تعلیم شہزاد آغا، سابق وزیر و رہنما عمران ندیم، بشارت ظہیر، جعفر سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے خصوصی شرکت کی۔
رہنماؤں نے اپنے خطابات میں پارٹی کی آئندہ حکمتِ عملی، خطے کے مسائل اور عوامی توقعات پر تفصیل سے روشنی ڈالی رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے اور گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
مقررین نے شگر میں پارٹی کے مضبوط ہوتے ہوئے سیاسی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں کی عوام نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔شرکاء نے اپنے خطابات میں آئندہ عام انتخابات میں عمران ندیم کی کامیابی کو یقینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شگر کی عوام نے اُن کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور آنے والے الیکشن میں انہیں بھاری اکثریت سے کامیابی دلوانے کا عزم کر لیا ہے۔
پروگرام میں متعدد شخصیات نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا، جس سے جلسے کا جوش و خروش مزید بڑھ گیا۔ رہنماؤں نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک بار پھر گلگت بلتستان میں اپنی طاقت کا واضح ثبوت دے رہی ہے۔جلسہ پرجوش نعروں، تالیوں اور سیاسی عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا




