
پرواز

پرواز
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) کی کراچی سے سکھر جانے والی پرواز جمعے کے روز ایک تکنیکی خرابی کے باعث بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔ اس طیارے میں سندھ کے وزیرِ بلدیات ناصر شاہ بھی موجود تھے۔
پی آئی اے کی پرواز پی کے 536 نے جیسے ہی کراچی سے ٹیک آف کیا، تقریباً 17 منٹ بعد جہاز کے عملے نے تکنیکی مسئلے کی نشاندہی کی۔ ایئرلائن حکام کے مطابق پائلٹ نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول کو مطلع کیا اور احتیاطی تدبیر کے طور پر ہوائی اڈے کی طرف واپسی کا فیصلہ کیا۔
طیارے میں اس وقت وزیرِ بلدیات ناصر شاہ، سکھر کے میئر ارسلان شیخ سمیت دیگر مسافر موجود تھے۔
پی آئی اے حکام کے مطابق مسافروں کو بروقت صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا تھا، جس کے بعد پرواز کو منسوخ کر دیا گیا۔ وزیر ناصر شاہ، جو سکھر میں ایک تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے، پرواز کی منسوخی کے بعد کراچی واپس لوٹ آئے۔
دوسرا واقعہ: پی آئی اے کی دبئی سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں مسافر جاں بحق
اس سے قبل ایک الگ واقعے میں دبئی سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے-222 میں ایک مسافر دورانِ پرواز دل کا دورہ پڑنے کے باعث جاں بحق ہو گیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) کے مطابق جاں بحق مسافر کی شناخت ملک جہانزیب کے نام سے ہوئی ہے، جو ایبٹ آباد کے رہائشی تھے۔ ترجمان کے مطابق انہیں دورانِ پرواز دل کا شدید دورہ پڑا جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکے۔ مرحوم کی میت ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے۔



