پی سی بی

پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے گھٹنے کی انجری سے بحالی کے عمل کے دوران نیٹس میں دوبارہ باؤلنگ شروع کر دی ہے، جس کی تصدیق جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کی۔
پی سی بی کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں 25 سالہ لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں نیٹ سیشن کے دوران مکمل ردھم اور رفتار کے ساتھ باؤلنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
پاکستان کے سینئر ٹینس کھلاڑی نے نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا
شاہین آفریدی نے بیٹنگ ڈرلز میں بھی حصہ لیا، جس سے آسٹریلیا کے خلاف آئندہ تین میچوں پر مشتمل ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی مرد ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
یہ سیریز آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے قبل کھیلی جائے گی، جو 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں منعقد ہو گا۔
یوٹیوب ویڈیو
شاہین آفریدی کو گزشتہ ماہ بگ بیش لیگ (BBL) کے دوران برسبین ہیٹ کی جانب سے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف میچ میں گھٹنے کی انجری ہوئی تھی۔
یہ واقعہ اسٹرائیکرز کی اننگز کے 14ویں اوور کے بعد پیش آیا، جب شاہین شدید تکلیف کے باعث دائیں گھٹنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لنگڑاتے ہوئے میدان سے باہر چلے گئے۔ بعد ازاں انہیں ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز سے باہر کر دیا گیا۔
انجری کے بعد شاہین آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر ایک پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے اپنی ڈیبیو بی بی ایل سیزن کے دوران تعاون پر برسبین ہیٹ اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یہ بھی تصدیق کی کہ پی سی بی نے انہیں بحالی کے عمل کے لیے واپس بلا لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
نوجوان فٹبالر کی ہیٹ ٹرک، پاکستان کو تاریخی سیف جیت دلوا دی
شاہین نے لکھا:
“غیر متوقع انجری کے باعث پی سی بی نے مجھے واپس بلا لیا ہے اور مجھے ری ہیب سے گزرنا ہو گا۔ امید ہے کہ میں جلد میدان میں واپس آؤں گا۔ اس دوران میں اس شاندار ٹیم کے لیے دعاگو رہوں گا۔”
جاری بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ کے لیے شاہین آفریدی کی کارکردگی متاثر کن نہ رہی، جہاں انہوں نے چار میچوں میں 11.19 کی اکانومی ریٹ سے صرف دو وکٹیں حاصل کیں۔



