پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 11) کی تین فرنچائزز نے مبینہ طور پر لیگ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ 11ویں ایڈیشن کے لیے ڈرافٹ سسٹم
ذرائع کے مطابق کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نیلامی کے حق میں ہیں اور اس حوالے سے وہ اپنا مؤقف پی ایس ایل انتظامیہ تک پہنچا چکی ہیں۔ انہی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے سیزن کی منصوبہ بندی کے آغاز کے ساتھ ہی فرنچائزز نے کئی انتظامی سوالات بھی اٹھائے ہیں۔
اہم نکات میں فرنچائزز نے ڈائریکٹ سائننگز سے متعلق واضح پالیسی کا مطالبہ کیا ہے، جس میں یہ وضاحت شامل ہو کہ یہ طریقہ کار کیسے کام کرے گا اور ٹیموں کو اس راستے سے کتنے کھلاڑی شامل کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے یہ بھی جاننا چاہا ہے کہ کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کو حتمی شکل کون دے گا اور مطالبہ کیا ہے کہ کیٹیگریز فائنل کرنے سے پہلے فرنچائزز سے مشاورت کی جائے۔
ذرائع کے مطابق فرنچائز حلقوں میں اس بات پر باقاعدہ گفتگو شروع ہو چکی ہے کہ آیا لیگ کو موجودہ ڈرافٹ فارمیٹ کے ساتھ ہی جاری رکھا جائے یا نیلامی سسٹم کی طرف منتقل ہوا جائے۔
نیلامی کے حامی تینوں فرنچائزز کا مؤقف ہے کہ ڈرافٹ سسٹم میں ابتدائی پک رکھنے والی ٹیموں کو برتری حاصل ہوتی ہے، جس کے باعث وہ مضبوط کھلاڑی آسانی سے حاصل کر لیتی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جن کھلاڑیوں کو وہ ہدف بناتی ہیں، وہ اکثر دوسری ٹیمیں منتخب کر لیتی ہیں، جبکہ نیلامی کے ذریعے مسابقتی بولی کا عمل اس مسئلے کا حل ہو سکتا ہے۔
تاہم، تمام فرنچائزز اس معاملے پر متفق نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق لاہور قلندرز ڈرافٹ سسٹم کو برقرار رکھنے کے حق میں ہیں، جبکہ پشاور زلمی نے تاحال اپنا باضابطہ مؤقف سامنے نہیں رکھا۔
معاملے سے آگاہ ذرائع نے مزید بتایا کہ فرنچائزز اب بھی پی ایس ایل انتظامیہ کے باضابطہ جواب کی منتظر ہیں، تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی ردِعمل موصول نہیں ہوا۔



