ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تانگیر عنایت اللہ اور ڈائریکٹر کواڈینیشن دیامر بھاشا ڈیم واپڈا رحیم شاہ کی زیر صدارت دفتر اے ڈی سی تانگیر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ، ڈپٹی ڈاریکٹر دیامر بھاشا ڈیم شفیع اللہ ،تانگیر کے علاقے لرک دیامر کے عمائدین و نمائندگان، اور متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد 21 میگاواٹ تانگیر پاور پراجیکٹ سے متعلق عوامی تحفظات، منصوبے کی پیش رفت، اور جلد عملدرآمد سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہء خیال کرنا تھا۔
اجلاس کے دوران کوارڈینیٹر وابڈا رحیم شاہ صاحب نے منصوبے کے تکنیکی پہلوؤں، جاری کام کی رفتار، اور متوقع تکمیل کے شیڈول کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبہ نہ صرف تانگیر بلکہ پورے ضلع دیامر کے توانائی کے شعبے میں ایک نمایاں سنگِ میل ثابت ہوگا، جس سے مقامی آبادی کو دیرپا فائدہ پہنچے گا۔
لرک دیامر کے نمائندگان نے اجلاس میں اپنے تحفظات اور مطالبات پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مقامی افراد کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار فراہم کیا جائے، ماحولیاتی اثرات کے حوالے سے مکمل حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور منصوبے سے متعلق عوام کو بروقت آگاہ رکھا جائے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تانگیر عنایت اللہ نے تمام شرکاء کے مؤقف کو انتہائی توجہ سے سنا اور یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ہر سطح پر شفافیت اور انصاف کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تانگیر کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور اعتماد بحالی ہماری اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں واپڈا اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔
اجلاس اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ 21 میگاواٹ پاور پراجیکٹ کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے اور عوامی تعاون سے اسے خطے کی ترقی کی علامت بنانے کے لیے تمام ادارے مل جل کر کام کریں گے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تانگیر عنایت اللہ اور ڈائریکٹر کواڈینیشن دیامر بھاشا ڈیم واپڈا رحیم شاہ کی زیر صدارت دفتر اے ڈی سی تانگیر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر




