
خبردار

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں، خصوصاً برطانیہ میں رہنے والوں کو ایک جعلی ویب سائٹ کے بارے میں خبردار کیا ہے جو نادرا کا نام استعمال کرکے عوام کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہی ہے۔
نادرا کے مطابق “NADRA Card Centre” کے نام سے چلنے والا جعلی پلیٹ فارم nadra.cardcentre.co.uk ایسی خدمات پیش کرنے کا دعویٰ کر رہا ہے جن میں نائیکاپ (NICOP) کی پروسیسنگ، شناختی کارڈ کا اجراء، اور حتیٰ کہ نوکریوں کی پیشکش شامل ہیں۔ اتھارٹی نے وضاحت کی ہے کہ اس ویب سائٹ کا نادرا سے کوئی تعلق نہیں اور یہ عوام کو گمراہ کرنے کے لیے نادرا کا نام غلط استعمال کر رہی ہے۔
اہم حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس جعلی ویب سائٹ پر فراہم کی گئی ذاتی معلومات کا غلط استعمال کیا جا سکتا ہے، جو مالی دھوکے یا شناخت چوری کا باعث بن سکتا ہے۔ نادرا نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی میں باضابطہ شکایت درج کروا دی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی درخواست کی ہے۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کی شادی شدہ شہریوں سے ریکارڈ اپ ڈیٹ کرنے کی اپیل
ایک الگ ہدایت میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے تمام شادی شدہ شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے ازدواجی حیثیت کے ریکارڈ کو نادرا کے ڈیٹا میں ضرور اپ ڈیٹ کروائیں تاکہ کسی قانونی پریشانی سے بچا جا سکے۔ اتھارٹی کے مطابق کئی افراد نے اپنی شادی یونین کونسل میں تو رجسٹر کروا لی ہے مگر نادرا کے ریکارڈ میں اپ ڈیٹ نہیں کروائی۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھاٹی نے ایک ایس ایم ایس نوٹیفیکیشن سروس بھی شروع کی ہے، جو شہریوں کو یاددہانی کراتی ہے اور انہیں قریبی مرکز آنے کی ترغیب دیتی ہے۔ موبائل صارفین 1777 پر رابطہ کرسکتے ہیں، جبکہ لینڈ لائن صارفین 051-111-786-100 پر کال کرسکتے ہیں یا نادرا کی آفیشل ویب سائٹ ملاحظہ کر سکتے ہیں۔
شناختی کارڈ پر ازدواجی حیثیت اپ ڈیٹ کرنے کے لیے 100 روپے فیس مقرر ہے، جو “غیر پرنٹ ایبل تبدیلی” کے زمرے میں آتی ہے۔ درخواست گزاروں کو نکاح نامہ یا شادی کا سرٹیفکیٹ بطور ثبوت جمع کروانا ہوگا۔



