

راولپنڈی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ڈی ای اے نے نجی تعلیمی اداروں میں طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے 14 نکاتی جامع سیکیورٹی ایس او پیز فوری طور پر نافذ کر دی ہیں۔ ان ہدایات پر عمل نہ کرنے والے اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد طارق نے نجی اسکولوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ دو دن کے اندر تمام سیکیورٹی انتظامات مکمل کریں اور مقررہ مدت میں تعمیلی رپورٹ جمع کرائیں۔
نظرثانی شدہ سیکیورٹی ایس او پیز کے مطابق نجی تعلیمی اداروں کے لیے کم از کم آٹھ فٹ بلند باونڈری وال کی تعمیر لازمی قرار دی گئی ہے، جس کے اوپر دو فٹ خاردار تار لگانا بھی ضروری ہوگا۔ اس کے علاوہ اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنا اور ان کی مسلسل فعالیت کے لیے یو پی ایس یا متبادل بیک اپ سسٹم فراہم کرنا لازم ہے۔
ہدایات میں اسکول کی حدود کے اندر اور باہر مکمل سی سی ٹی وی کوریج، فعال کنٹرول روم کا قیام اور کارآمد میٹل ڈیٹیکٹرز کی تنصیب بھی شامل ہے۔ ہر اسکول کو تصدیق شدہ سیکیورٹی گارڈز تعینات کرنے ہوں گے جو مناسب وردی میں ہوں اور قانونی اجازت یافتہ اسلحہ رکھتے ہوں۔
مزید برآں، داخلی راستوں پر وزیٹرز رجسٹر رکھنا، ہنگامی رابطہ نمبرز نمایاں طور پر آویزاں کرنا، سیکیورٹی ہدایات کے پوسٹرز لگانا، ایمرجنسی ایگزٹس واضح طور پر نشان زد کرنا اور باقاعدہ سیفٹی موک ڈرلز کا انعقاد بھی لازم قرار دیا گیا ہے۔
سی ای او محمد طارق نے واضح کیا کہ طلبہ کی سلامتی کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام اسکول مالکان اور پرنسپلز کو ہدایت دی کہ وہ ایس او پیز پر بلا تاخیر عمل درآمد یقینی بنائیں، بصورتِ دیگر خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ YOUTUBE LINK:https://youtu.be/1UouRnZT_I4



