
ضلع غذر میں بھی دنیا بھر کی طرح اسماعیلی برادری کے پچاسویں امام، ہز ہائنس شاہ رحیم الحسینی کی 54ویں سالگرہ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
مرکزی تقریب ضلعی ہیڈ کوارٹر گاہکوچ میں ریجنل کونسل اشکومن پونیال کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ تھے، جبکہ ڈپٹی کمشنر غذر اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ہز ہائنس کی 54 ویں سالگرہ کی مبارک باد دی۔

صدر اسماعیلی ریجنل کونسل اشکومن پونیال دادو خان صابر نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہز ہائنس پرنس شاہ رحیم آغا خان نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی، تعلیم، صحت اور خوشحالی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، اور مستقبل میں بھی ان کا وژن حکومتِ پاکستان کے ساتھ مل کر آگے بڑھایا جائے گا۔انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کر کے کہا کہ مولا شاہ رحیم الحسینی کا فرمان ہے کہ نوجوان نسل اپنے ملک خداداد پاکستان کی ترقی اور اپنے علاقے کی خوشحالی کیلئے آگے بڑھ کر اپنا حصہ ڈالیں
۔صدر اسماعیلی ریجنل کونسل اشکومن پونیال نے کہا کہ آنے والا وقت سیاحت کا ہے نوجوان اپنی تعلیم مکمل کر کے سیاحت کے شعبے میں کام کرے اور گلگت بلتستان کو ایک ایسا جگہ بنائیں جہاں دیگر علاقوں سے پروفیشنل لوگ آکر یہاں کے لوگوں کے ساتھ اپنے تجربات شیر کرینگے تاکہ یہاں کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فایدہ حاصل ہو سکے۔



