
نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کی منیجنگ ڈائریکٹر کا بلتستان یونیورسٹی کا دورہ
ڈاکٹر نور آمنہ ملکؔ نے این اے ایچ ای (NAHE)کی زیرِ نگرانی منعقدہ ٹریننگ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی
ٹریننگ کے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں، اساتذہ کرام کی مستقل مزاجی اور اِنتظامیہ کی کاوشوں اور کوششوں کو سراہا
سکردو
نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کی مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر نور آمنہ ملک اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سہیل نے بلتستان یونیورسٹی سکردو کا دورہ کیا۔ اِس دوران موصوفہ نے این اے ایچ ای (NAHE) کی طرف سے منعقدہ ٹریننگ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی اور ٹریننگ کے شرکاء میں اَسناد تقسیم کیں۔ ڈاکٹر نور آمنہ ملک نے بہترین ٹریننگ کے اِنعقاد اور بعدازاں اساتذہ کی دلچسپی کو سراہا اور ستائشی کلمات سے نوازا۔
نیشنل اکیڈمی

نیشنل اکیڈمی
اُنہوں نے اِس بات کو خوش آئندہ قرار دیا کہ اساتذہ درس و تدریس کے ساتھ ساتھ تربیت سازی سے متعلق اُمور میں بھی گہری دلچسپی لیتے ہیں۔ تقریب میں وائس چانسلر بلتستان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالمتین بھی موجود تھے۔ اُنہوں نے ڈائریکٹر پروفیشنل ڈیویلپمنٹ اینڈ اسکلز ڈاکٹر جواد عثمان ارشدؔ کی کاوشوں کو سراہا اور بہترین ٹریننگ کے انعقاد کو ممکن بنانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
وائس چانسلر نے کہا کہ سابقہ اِنتظامیہ نے بھی این اے ایچ ای کی ٹریننگ کے انعقاد میں تعاون کیا اور یونیورسٹی کی اِس وقت کی انتظامیہ بھی بھرپور اور تعمیری معاونت فراہم کررہی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر عبدالمتین نے مزید کہا کہ یہ ٹریننگ صرف یہاں تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ این اے ایچ ای کو چاہیے کہ وہ ڈینز، شعبہ ہائے صدور ، پروفیسرز، ایسوسی ایٹ پروفیسر کےلئے بھی ٹریننگ کا اہتمام کرے۔
اِس موقع پر ڈائریکٹر اسکلز ڈیویلپمنٹ ڈاکٹر جواد عثمان ارشدؔ نے معزز مہمانوں اور شرکاء کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ اِس قسم کے تربیتی ورکشاپ آئندہ بھی منعقد کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ہم اساتذہ کرام، طلباء وطالبات کی شخصیت کو نکھارنے میں درکار کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔ ایک یونیورسٹی کی بنیادی ذمہ داری بھی یہی ہے کہ وہ طلباء وطالبات کو درس و تدریس ، تحقیقی اُمور اور پیشہ اُمور سے آگاہ کرے۔
دوسری جانب ٹریننگ میں شریک اساتذہ کرام نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے قرار دیا کہ اِس قسم کی ٹریننگ کی روایت عام ہونی چاہیے۔ اساتذہ کرام نے مزید کہا کہ ڈائریکٹر پروفیشنل ڈیویلپمنٹ نے بہترین انتظام کیا اورتدریسی اُمورکے ساتھ ساتھ ٹریننگ کے اُمور کو بھی خوش اُسلوبی کے ساتھ نمٹایا۔ بعض اساتذہ کرام نے چند ایک تجاویز بھی دیں اور توقع ظاہر کی کہ اِنتظامیہ اُن تجاویز کو بروئے کار لائے گی۔ اِس موقع پر ڈائریکٹر اسکلز ڈویلپمنٹ نے یقین دلایا کہ اساتذہ کرام کی تجاویز کو زیرِ غور رکھا جائے گا۔
نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کی منیجنگ ڈائریکٹر کا بلتستان یونیورسٹی کا دورہ




